مہتمم جنگلات تجدید مظفرآباد ڈویژن کی محکمہ کے اہلکاران و فیلڈ سٹاف کو درختوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 24 مئی 2024 22:48

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) مہتمم جنگلات تجدید مظفرآباد ڈویژن نے محکمہ کے اہلکاران اورفیلڈ سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ بکروالوں سے درختوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،شجرکاری کے دوران شاہرات اور دریائوں کے کنارے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی گئی ہے ،کوہالہ سے نیلم تک سڑک اور دریائوں کے کنارے پر کی گئی شجرکاری کے تحفظ کے لیے ہر بیٹ کا عملہ ہمہ وقت موجود رہے اور اپنی نگرانی میں بکروالوں کو گزارے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیلڈ عملہ کے نا م جاری مکتوب میں کیاہے۔ڈی ایف او تجدید وحید کاظمی نے کہاہے کہ گرمیوں کا موسم شروع ہوچکا ہے اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے بکروال اپنے جانور لے کر آزادکشمیر کے بالائی علاقوں کی طرف نکل پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

بکروال بذریعہ روڈ نیلم اور جہلم ویلی کے بالائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔محکمہ جنگلات نے تمام مین شاہرات اور دریائوں کے کناروں پر شجرکاری کررکھی ہے،بکروالوں کے جانور لگے درختوں کو تباہ کردیتے ہیں جس سے شجرکاری کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچتا ہے،اس لیے کوہالہ سے نیلم اور جہلم ویلی تک کا فیلڈ عملہ اپنے اپنے کلوژرز اور بیٹ ہاء میں ہمہ وقت موجود رہے اور بکروالوں کو شجرکاری والے ایریاز میں جانور چرانے کی اجازت نہ دے۔

فیلڈ اہلکاران اپنی نگرانی میں بکروالوں کو شجرکاری والے علاقوں سے آگے گزاریں جس بھی کلوژر یا بیٹ میں بکروالوں نے درختوں کا نقصان کیا تو متعلقہ کلوژر اور بیٹ میں تعینات عملہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذمہ داران کو معاف نہیں کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں وہ خود شجرکاری والے علاقوں کا تفصیلی معائنہ کریں گے،درختوں کی حفاظت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،اس لیے کلوژرز اور بیٹ ہاء میں تعینات جملہ عملہ ہمہ وقت موجود رہے اور بکروالوں کوشجرکاری والے علاقوں میں ٹھہرنے کی اجازت نہیں د ی جائے تاکہ درختوں کی سو فیصد حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :