غیرملکیوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی پی او مانسہرہ

منگل 28 مئی 2024 20:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا ہے کہ چائنیز پراجیکٹس ملکی تعمیر و ترقی میں اہمیت کے حامل ہیں،ضلع میں جاری ہائیڈرو پاور پراجیکٹس سے پاکستان میں توانائی اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی،ملکی ترقی میں دوست ملک چین کا کردار قابل ستائش اور قابل قدر ہے،پاکستان میں مقیم چائینز کو تحفظ فراہم کرنا حکومت پاکستان اور خیبرپختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے جس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے ضلع مانسہرہ میں جاری چائنیز پراجیکٹس سکی کناری اور گھنول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورہ کے دوران آرمی افسران اور چائینیز عہدیداران سے ملاقات اور سکیورٹی و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈی پی او نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ چائنیز کی سیکیورٹی کو مزید موثر اور بہتر بنائیں اور انکے ساتھ روابط کو مستحکم بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس بروقت انکی مدد کرسکے،غیر ملکی ورکرز کی رہائشگاہوں اور انکی پراجیکٹ سائیٹس کی چار دیواری اور خار دار تاروں کو مزید اونچا کیا جائے اس کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد کو بھی مزید بڑھایا جائے۔