جہانیاں، تحصیل امن کمیٹی کا اجلاس

عشرہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق کی پاسداری،سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایاگیا

Sarwar Nazir محمد سرور نذیر منگل 4 جون 2024 16:55

جہانیاں( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2024ء ) ایس ڈی پی او سرکل جہانیاں امداد حسین بلوچ نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران تحصیل جہانیاں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، امن و امان کی فضاء کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا،حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کروائی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کی آمدکے سلسلے میں منعقدہ تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں امن اوربھائی چارے کا درس دیتا ہے،جہانیاں مین مختلف مسالک کے مابین مکمل ہم آہنگی ہے،ماتمی جلوس کے راستوں پر پولیس کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ پولیس افسران ڈیوٹیز چیک کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جہانیاں میں ضابطہ اخلاق پر ہر ممکن عملدرآمد کروایا جائے گا،جلوس کی انتظامیہ وقت اور روٹ کی پابندی کو یقینی بنائے،عشرہ محرم کے دوران شہر بھر کے داخلی وخارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

اس موقع پر انچارج تھانہ جہانیاں مہر ریاض سیال،چوہدری خادم حسین،ملک امانت علی،سید علی رضا شاہ،سید اطہر شاہ،چوہدری یونس علی،آفتاب علی،محمد عارف سعید،مولوی سیدنذیر احمدشاہ،خالد شریف گجر،بشارت محمود دھاریوال،خالد محمود بھٹی،عبدالرحمن خلیق،چوہدری سعید اقبال گورایہ،ملک سجاد میتلا دیگر ممبران امن کمیٹی بھی موجود تھے۔ممبران امن کمیٹی کی جانب سے عشرہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق کی پاسداری،سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایاگیا۔