مظفرآباد،بجٹ سے قبل ذخیرہ اندوزوں،گرانفروشوں نے اشیاء خورونوش سمیت سگریٹ قیمتوں میں اضافہ کر دیا

بدھ 5 جون 2024 19:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2024ء) بجٹ سے قبل ہی زخیرہ اندوزوں،گراں فروشوں نے اشیاء خوردونوش سمیت سگریٹ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا۔ حقوق صارفین کا تحفظ کرنے کے لئے بھی کوئی اقدامات نہ اٹھائے جا سکے۔ شہر اقتدار مظفرآباد و مضافاتی علاقوں میں زخیرہ اندوز،گراں فروش بے لگام، خود ساختہ مہنگائی کا وائرس شہر سمیت ضلع بھر میں پھیلنے لگا، اشیاء خوردونوش سمیت سبزیاں، پھل فروٹ خاص کر سگریٹ دکانوں سے غائب کر دیئے گئے جبکہ اشیاء خوردونوش غریب افراد کی پہنچ سے کوسوں میل دور، دکاندار من مرضی کے نرخ وصول کرنے لگے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فوٹو سیشن میں میں مصروف دیہاڑی داروں ریڑھی بانوں تھڑے والوں کی شامت سوشل میڈیا پر کارکردگی آسمان سے باتیں کرنے لگی عملدرآمد نادارد۔

(جاری ہے)

شہری و دیہاتی گراں فروشوں کے رحم و کرم پرچھوڑ دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث بااثر دکانداروں نے ضلع بھر میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے، اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں من مرضی کے نرخ مقررکرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے شروع کر رکھے ہیں۔مشکل کی اس گھڑی میں منافع خوروں نے غریب سفید پوش طبقہ کے افراد کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا معمول بنا لیا ہے۔

بااثر کریانہ مرچنٹس مالکان نے آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر ضروری اشیا کے من مرضی کے نرخ مقرر کر کے فروخت شروع کر رکھی ہے جبکہ سگریٹ نوشی کا شکار عوام سگریٹ نہ ملنے کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہو چکے ہیں،عام آدمی شدید متاثر ہو رہا ہے۔شہریوں نے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو فعال بنایا جائے تاکہ مہنگی اشیا فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروا کے پابند سلاسل کیا جائے، غریب، دیہاڑی دار، محنت کش افراد حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیا خوردونوش خرید کر اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔