ڈویژنل ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ الیاس رضا کلاچی کاملتان،خانیوال،جہانیاں،میلسی اور وہاڑی کا دورہ

فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ،کپاس کی اگیتی وموسمی فصل کا معائنہ کیا

Sarwar Nazir محمد سرور نذیر جمعرات 6 جون 2024 17:31

جہانیاں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون 2024ء ) ڈویژنل ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ الیاس رضا کلاچی نے ملتان، خانیوال، جہانیاں، میلسی اور وہاڑی کا دورہ کیا پیسٹ سکاؤٹنگ ٹیموں کی مانیٹرنگ کی،کپاس کی اگیتی وموسمی فصل کا معائنہ کیااورکاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر انہوں نے کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت میں کمی کی وجہ سے فصل پر تھرپس کے حملہ میں کمی مشاہدہ میں آرہی ہے جبکہ اگیتی کاشتہ فصل پرسفید مکھی کا حملہ بڑھ رہا ہے۔

کاشتکارموسمی کاشتہ فصل کی نشوونما کے ابتدائی 60 دن کسی بھی قسم کے زرعی زہر کا استعمال کرنے سے اجتناب کریں تاکہ سفید مکھی، تھرپس اور چست تیلہ کے کنٹرول کے ساتھ ساتھ مفید کیڑوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکے۔ کپاس کی چھدرائی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی سمیت دیگر کاشتکاری امور بروقت انجام دیں۔

(جاری ہے)

سفید مکھی کے میزبان پودوں کابھی بغور معائنہ کریں تاکہ وہاں پر کالونی نہ بننے پائے۔

اگر اس مرحلہ پر لاپرواہی کا مظاہرہ کیا تو سفید مکھی اپنی کالونی بنا کرسازگار ماحول ملتے ہی کپاس کی فصل پر منتقل ہوجائے گی جس کو بعد میں کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار روزانہ کی بنیاد پر اپنی فصل کا معائنہ کریں اورہفتہ میں دوبار پیسٹ وکاؤٹنگ کریں۔سفید مکھی کیخلاف صرف معاشی نقصان دہ حد پر ہی موثر زہر کا محکمہ زراعت کے فیلڈ عملہ کے مشورہ سے سپرے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جن کھیتوں میں ضرررساں کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے نیچے ہے وہاں پر پیلے چپکنے والے کارڈز لگائیں اور گلابی سنڈی کے کنٹرول کیلئے فیرامون ٹریپس لگائے جائیں اور کارڈز وکیپسول پندرہ دن کے وقفہ سے تبدیل کریں۔