ڈپٹی کمشنر کا بنیادی مرکز صحت گرین کوٹ اور بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ ‘طبی سہولیات کا جائزہ لیا

وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کیمطابق عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ‘ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی

جمعہ 7 جون 2024 16:57

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ‘اس سلسلہ میں تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی نے بنیادی مرکز صحت گرین کوٹ اور بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر کہی ۔

اس موقع پر ایم ایس بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر نیاز احمد اور متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں کے دورہ کے موقع پر ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ، صفائی ستھرائی ، میڈیسن کی دستیابی اور سٹاک کو چیک کیا اور متعلقہ افسران کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال دورہ کے دوران ایمرجنسی وارڈ ، بچہ وارڈ ، آئوٹ ڈور ،ڈینگی وارڈ، میڈیسن سٹور سمیت دیگر حصوں کا دورہ کر کے صحت کی سہولیات کو چیک کیا اور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین سے دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں دریافت بھی کیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات بہم پہنچانے کیلئے طبی عملہ ہمہ وقت دستیاب رہنا چاہیے ۔عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔