ایم کیو ایم کے حفیظ الدین کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی امیدوار عطا اللہ کی انتخابی عذرداری پر8جولائی کو شواہد پیش کرنے کا حکم

پیر 10 جون 2024 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2024ء) الیکشن ٹریبونل نے این اے 245 سے ایم کیو ایم کے حفیظ الدین کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی امیدوار عطا اللہ کی انتخابی عذرداری پر درخواستگزار کو گواہوں اور دیگر شواہد 8 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔الیکشن ٹریبونل کے روبرو این اے 245 سے ایم کیو ایم کے حفیظ الدین کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی امیدوار عطا اللہ کی انتخابی عذرداری پر سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

حفیظ الدین کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار کے جمع کرائے ہوئے دو فارم پینتالیس پڑھنے کے قابل نہیں۔ ٹربیونل نے درخواستگزار کو اسکین / صاف کاپی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ ٹریبونل نے درخواستگزار کو گواہوں اور دیگر شواہد 8 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ دائر عذرداری میں موقف اپنایا گیا تھا کہ فارم 45 میں 38 ہزار ووٹ سے میں کامیاب تھا۔ فارم 45 کے مطابق حفیظ الدین نے صرف 15 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔ فارم 47 میں نتائج تبدیل کر کے چوتھے نمبر والے امیدوار حفیظ الدین کو کامیاب قرار دیا گیا۔ فارم 47 میں ایم کیو ایم کے امیدوار کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے۔