خواتین کے مسائل حل کرنے کیلئے ڈی آر سی میں خواتین ممبران کی موجودگی اہم ہے،زاہداللہ خان

خواتین کے مسائل کو خواتین ہی بہتر سمجھتی ہیں اگر ڈی آر سی میں خواتین ممبر موجود ہوں گی تو خواتین کے مسائل کے حل میں آسانی رہے گی، ڈی پی او سوات

ہفتہ 15 جون 2024 20:20

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2024ء) ڈی پی او سوات زاہداللہ خان نے کہا ہے کہ خواتین کے مسائل حل کرنے کیلئے ڈی آر سی میں خواتین ممبران کی موجودگی انتہائی اہم ہے، خواتین کے مسائل کو خواتین ہی بہتر سمجھتی ہیں اگر ڈی آر سی میں خواتین ممبر موجود ہوں گی تو خواتین کو ان کے مسائل کے حل میں آسانی رہے گی، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے عورت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام لیڈرشپ اور ڈی آر سی کے حوالے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئیکیا، اس موقع پر فاؤنڈیشن کی ثمرین حکیم ایڈووکیٹ، منہاس ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تربیتی ورکشاپ میں 21سے زائد مختلف طبقہ فکر کی خواتین اور یونی ورسٹی کی طالبات نے شرکت کی، ورکشاپ کا بنیادی مقصد خواتین کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا ور پر امن معاشرے کی تشکیل کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ورکشاپ سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین میں لیڈر شپ اور فیصلہ سازی کی قوت بہت ہوتی ہے لیکن ان کو اس حوالے مواقع فراہم نہیں کئے جاتے، اگر خواتین ڈی آر سی میں مقامی طور پر تنازعات کو جرگے کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہیں تو وہ اس کونسل کی ممبر بن سکتی ہیں، ورکشاپ میں شرکت کرنے والی خواتین میں سے 11خواتین نے ڈی آرسی میں ممبر بننے کی حامی بھر لی، جس پر ڈی پی او سوات اور فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ علاقے میں موجودہ تنازعات کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں گی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈاکٹر زاہداللہ خان نے ورکشاپ میں شرکت کرنے والی خواتین میں تربیتی سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے جبکہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈی پی او سوات کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :