میونسپل کمیٹی جہانیاں نے حکومت پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

ساز باز ہوکر غیر قانونی قرار دیے گئے ٹاؤنز کی رجسٹریوں کی اجازت دے دی

Sarwar Nazir محمد سرور نذیر بدھ 26 جون 2024 17:45

جہانیاں( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون 2024ء ) حکومت پنجاب کی جانب سے غیر قانونی ٹاؤنز پر پابندی عائد کی گئی اور میونسپل کمیٹی جہانیاں کی جانب سے تقریباً 100  ٹاؤنز غیر قانونی قرار دے کر ان کی فہرست جاری کی گئی۔پینا فلیکس رجسٹری برانچ کے باہر آویزاں کیے گئے مگر میونسپل کمیٹی کے افسران کی ملی بھگت کے نتیجہ میں حکومت پنجاب کے احکامات کو پس پشت ڈال کر غیر قانونی ٹاؤنز کی فہرست میں شامل ٹاؤنز کی رجسٹریوں کے لیے جاری فردات پر این او سی جاری کیا جا رہا ہے واضح رہے کہ متعدد غیر قانونی ٹاؤنز کی رجسٹریاں گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہیں ایک ٹاؤن کی دو ماہ میں پچاس رجسٹریاں کی گئیں جبکہ مذکورہ ٹاؤن سمیت متعدد ٹاؤنز کی رجسٹریوں کی تکمیل ہوچکی ہے مگر تحصیلدار کی خالی سیٹ کی وجہ سے رجسٹریشن کا عمل پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا ہے اور ایک دو روز تک تحصیلدار تعینات ہونے پر ان غیر قانونی ٹاؤنز کی رجسٹریوں کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

سماجی و شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے گورنمنٹ کو کروڑوں روپے نقصان کا اندیشہ ہے معلوم ہوا ہے کہ یکم جولائی سے فیسوں میں اضافہ کی وجہ سے ٹاؤنز کو فیور دینے کے لیے ملی بھگت سے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،چیف سیکرٹری پنجاب،کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن برانچ کا ریکارڈ قبضہ میں لے کر میونسپل کمیٹی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق  اس معاملہ کی انکوائری کی جائے تو صورتحال سامنے آجائے گی