لاہورسمیت صوبہ بھرمیں تیز ہوائوں وگرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان

ہفتہ 6 جولائی 2024 17:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2024ء) صو با ئی دارالحکومت لا ہور سمیت صوبہ بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطا بق مون سون بارشوں کا یہ سپیل 7 جو لائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ ،نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے ۔

ترجمان کے مطا بق پنجاب کے دریائوں سندھ ،چناب ،راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل لیول پر ہے۔ گزشتہ روزقصور میں38 ملی میٹر ،لاہور میں50 ،شیخوپورہ30 اور سیالکوٹ میں تقریبا44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرگودھا، منڈی بہائوالدین ،حافظ آباد اور لیہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جا ری کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری دریائوں، ندی نالوں کی غیر ضروری کراسنگ سے گریز اوربجلی کی تاروں وکھمبوں سے فاصلہ رکھیں، کچے مکانات، بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں اوربچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جا نے دیں ۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے ، عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کر سکتے ہیں۔