سماجی تنظیم شہری اتحاد ایبٹ آباد کی جانب سے تقریب کا انعقاد، کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام مہمان خصوصی تھے

منگل 9 جولائی 2024 15:01

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2024ء) سماجی تنظیم شہری اتحاد ایبٹ آباد کی جانب سے ایک ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کلب ایبٹ آباد میں منعقدہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں شہر کی سرکردہ سماجی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے توصیفی اسناد تقسیم کیں۔

تنظیم کے صدر کامران احمد ایڈووکیٹ نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔

(جاری ہے)

مہمان اعزازی کی حیثیت سے ایس پی ٹریفک طارق محمود، سابق رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار اور سابق ڈائریکٹر سپورٹس طارق نے شرکت کی۔ شرکاءنے اپنی گفتگو میں تنظیم شہری اتحاد کی 14 سالہ کارکردگی کو سراہا اور ان کے سماجی و فلاحی کاموں کی تعریف کی۔ شہری اتحاد ایبٹ آباد ناصرف شہر کے مسائل کو اجاگر کرکے ان کا سد باب کرتی ہے بلکہ اپنے زعماءاور رہنمائوں کو ان کے یوم پیدائش و وفات پر خراج تحسین بھی پیش کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر معین قریشی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پرتکلف چائے سے تواضع کی۔ فلاحی و سماجی امور سرانجام دینے پر آمنہ سردار کو توصیفی سند سے نوازا گیا۔