ڈی پی ایس شیخوپورہ کو مزید فعال بنانے اور سرکاری معیار تعلیم کو بلند رکھنے کے لیے انتظامیہ متحرک

سرکاری سکولوں میں نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں کے باعث والدین کا اعتماد بڑھا ہے، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ منگل 9 جولائی 2024 17:10

شیخوپورہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2024ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سرکاری سکولوں میں بچوں کے تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے اور بھرپور اقدامات کررہی ہے، طلباء و طالبات کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں سمیت دیگر بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، متعلقہ ادارے ڈی پی ایس میں جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں ۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پبلک سکول شیخوپورہ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جمیل ، اسسٹنٹ کمشنر طارق شبیر ، سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طیب منیر ، پرنسپل ڈی پی ایس میڈم شاہدہ،عثمان ورک سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

پرنسپل ڈی پی ایس نے اس موقع پر سکول کے نئے بلاک کی تعمیر ، پینے کے صاف پانی کی دستیابی، اساتذہ ودیگر عملہ کی حاضری سمیت دیگر امور پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طیب منیر نے ڈی پی ایس سکول کی جاری ترقیاتی سکیموں بارے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے ڈی پی ایس میں صفائی ستھرائی، سیکورٹی سمیت واش رومز اور لائٹس کی بحالی و دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے سکول کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کرام کی محنت کو سراہا اور نظم و ضبط کو قائم رکھنے کی ہدایات جاری کیں ۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ڈی پی ایس کی ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، ٹھیکیداران بہترین کوالٹی کے میٹریل کا استعمال یقینی بنائیں۔