بھکر،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا

منگل 9 جولائی 2024 19:30

بھکر،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے میٹرک کے سالانہ ..
بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2024ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 96 ہزار 993 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 75 ہزار 273 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 77.61 فیصد رہا۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 82.10 فیصد جبکہ طلباء کی کامیابی کا تناسب 73.43 فیصد رہا ۔

سائنس گروپ کی کامیابی کا تناسب 79.34 فیصد اور آرٹس گروپ کی کامیابی کا تناسب 68.69 فیصد رہا۔ پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب بورڈ کے ملٹی پرپل ہال سرگودھا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سرگودھا ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد اجمل بھٹی تھے۔تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا منور غوث، سردار علی حسنین بلوچ ،ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان ، ڈپٹی کمشنر بھکر علی اکبر بھنڈر ،سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی اور کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی سمیت پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ان کے والدین، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر و چیئرمین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات میں میڈلز، لیپ ٹاپ اور کیش انعامات تقسیم کیے۔یاد رہے کہ سرگودہا ڈویژن میں ضلع بھکر نے ڈویژن بھر میں پہلی دو پوزیشنز سمیت مجموعی طور پر ڈویژن بھر میں(10) ٹاپ پوزیشنز حاصل کی ہیں جو کہ ضلع بھکر کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔\378