خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کے وفد کا بہاولپورکا دورہ

بدھ 10 جولائی 2024 17:34

خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں  کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈرخواجہ سلمان رفیق نے محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بہاولپورکا دورہ کیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے بہاولپور میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں بہاولپور میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان بھی ہمراہ ہیں۔سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر بہاولپور نادر چٹھہ اور آر پی او رائے بابر نے صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کوانتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں تمام 1409مجالس اور 514جلوس کے انتظامات مکمل ہیں،164علما و ذاکرین کی ضلع بندی اور 124کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں،بہاولپور میں 165افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیاہے،پولیس کے 17ہزار جوان ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

7سے 10محرم کے دوران آرمی اور رینجرز کی 15کمپنیاں بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا محمد طارق، چوہدری خالد محمود، سردار خالد واران اور شعیب اویسی نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی بریفنگ میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کو پرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے،پنجاب بھر میں سکیورٹی و دیگر انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے،جلوس کے راستوں میں سرکاری سبیل پر شرکا کو پانی پلایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیرصحت نے ہدایت کی کہ عاشورہ کے بعد بھی امن و امان کے قیام پر توجہ مرکوز رکھیں،محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔