واقعہ کربلا حق وباطل کا معرکہ تھا حق کامیاب اور باطل ہمیشہ کے لئے مٹ گیا ، محمدشاداب رضا نقشبندی

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ حق وصداقت کے علمبردارصبر و استقامت پیکرتھے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

جمعہ 12 جولائی 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2024ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ حق وصداقت کے علمبردارصبر و استقامت پیکرتھے،سانحہ کربلا حق وباطل کا معرکہ تھا حق کامیاب اور باطل ہمیشہ کے لئے مٹ گیا ،دین اسلام کی بقاء وسلامتی کیلئے سیدنا امام حسینؓ لازوال قربانیاں دیکر دنیا کو پیغام دیا محمد مصطفی ﷺ کے دین کا تحفظ کرنا اوردین کی سلامتی کیلئے جان ومال اولاد سب کچھ قربان کرنا ہی حسینیت ہے،بارگاہ رسالت ﷺاور مسجد نبوی کا ادب پامال کرنے کی مذمت کرتے ہیں ،یزید کی پیروی کرنے والے تاقیامت تک ذلیل ورسوا ہوتے رہیں گے ،مسجد نبویﷺ کے صحن میں سائرن بجاتے تیز رفتا ر گاڑیاںچلانے والوں کے خلاف سعودی حکومت مقدمہ درج کرئے،ہر ادوار میں یزیدیت کو ختم کرنے کیلئے امام حسینؓ کے غلاموں نے کلمہ حق بلند کیا ہے ، سیدنا امام حسینؓ کے نقش قدم پر چل کر ہی حالات کا مقابلہ اور ظالم و جابر انسانیت کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ڈسٹرکٹ سائوتھ کے عہدیداروں اور سینئر کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں اپنی جانوں کی قربانی دیکر دین اسلام کے پرچم کو بلند کیا اور رہتی دنیا تک مثال قائم کردی کہ ظالم وجابر ،فاسق کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہی حسینیت ہے چاہے اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا ہو گھر بار اولاد سمیت اپنی جان کی قربانی دینا اہل حق کا شیوہ ہے ہمارے ملک میںانتہا پسندی ،مہنگائی و بے روزگاری ،بھوک وافلاس اور مصنوعی بحران بلندی پر ہیںحکمران عوام کو حقوق دینے اور ان کے مسائل کو حل کر نے کیلئے عملی اقدامات کریں،کرپشن دہشتگردی ،فرقہ واریت بیروزگاری اور مہنگائی کا خا تمہ ہماری ترجیحات ہیں،انہوں کا کہنا تھا کہ انقلاب حسینیت کے جذبے سے ہی آتا ہے معاشی آزادی ،سکھ وچین اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہم سب کو آواز حق بلند کرکے میدان عمل میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

یہ یاد رکھا جائے جو اقوام ظلم وجبر ،انتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف اور حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند نہیں کرتیں تو ان کا بھی شمار یزیدی لشکر میں ہی ہوتا ہے ۔ اسلام کی سربلندی اور ملک بچانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے اور اس کے لئے حسینی جذبے سے سرشار ہوکر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے ۔