فریق نہ ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کو ریلیف دیا گیا ، حنیف عباسی

ہفتہ 13 جولائی 2024 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تو مقدمے میں فریق ہی نہیں تھی پھر بھی ریلیف دے دیا گیا ،جن امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا حلف نامہ دیا ، ان کے حلف ناموں کا کیابنے گا؟۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک شخص فریق ہی نہیں ہے ، اسے ریلیف دے دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن بھی درست نہ تھا، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے پارٹی ختم نہیں کی صرف پارٹی الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان واپس لیا۔ حنیف عباسی نے مزید کہا کہ 39 ارکان کو پی ٹی آئی کا امیدوار قرار دینا بھی غیر قانونی ہے، پارلیمنٹ میں یہ فیصلہ ہو گا کہ حکومت نظر ثانی کی طرف جائے گی یا نہیں، انہوں نے کہا کہ 2018 میں ایک منتخب وزیر اعظم کو پاناما میں بلا کر اقامہ میں نکالا گیا ، پھر ایسا شخص مسلط ہوا جس نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت کو مخصوص نشستوں کے فیصلے سے کوئی خطرہ نہیں، گالم گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا کا منفی زہر معاشرے میں پھیل رہا ہے۔