ہائی کورٹ کا حکم امتناعی ختم کروادیں ‘روزانہ کی بنیاد پر سماعت کو تیار ہیں.جسٹس جہانگیری

روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے ایک ہفتے میں کیس نمٹا دیں گے. الیکشن ٹربیونل اسلام آباد میں سماعت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 جولائی 2024 12:55

ہائی کورٹ کا حکم امتناعی ختم کروادیں ‘روزانہ کی بنیاد پر سماعت کو تیار ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جولائی ۔2024 ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد الیکشن ٹربیونل جسٹس طارق محمود جہانگیری نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 میں دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ہائی کورٹ نے ٹرائل آگے بڑھانے پر حکم امتناعی جاری کررکھا ہے میں روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کے لیے تیار ہوں.

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں وفاقی دارالحکومت کے حلقوں میں الیکشن دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس تو تمام فارم آگئے ہیں اب کیا چاہتے ہیں جس پر تحریک انصاف کے امیدوار شعیب شاہین نے کہا کہ میں اپنے کیس کی بات کروں گا مجھے فارم نہیں ملے. جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ٹرائل آگے بڑھانے پر اسٹے دیا ہے ہم نے تینوں اراکین قومی اسمبلی کو طلب کیا تھا اور روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کرنے کا بھی حکم دیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کی روشنی میں ٹرائل میں ٹرائل روک رکھا ہے انہوں نے ایڈوکیٹ شعیب شاہین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہائی کورٹ کا حکم امتناعی ختم کروائیں میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے ایک ہفتے میں کیس نمٹا دیں گے.

عدالت نے کہا کہ تمام فریقین کی جانب سے جواب آچکاہے ایک ہفتے کے اندر کیس نے ختم ہونا ہے جسٹس جہانگیری نے قراردیا کہ اگر ابھی 20 صفحات پر فیصلہ دوں اور کیس دوسرے ٹریبونل میں چلا جائے پھر کیا ہوگا جب تک ہائی کورٹ کے اسٹے کا آرڈرختم نہیں ہوجاتا اس وقت تک کچھ نہیں ہوسکتا. شعیب شاہین نے کہا کہ عدالتی آرڈر پر فریقین نے ابھی تک عمل درآمد ہی نہیں کیا، ای ایم ایس ریکارڈ جمع کرنے کے لئے ریٹرننگ افسر کو عدالت نے حکم دیا تھا جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ 22جولائی کو چیف جسٹس نے سماعت کرنی ہے اگر اسٹے ختم ہوگیا تو ہم کام جاری رکھیں گے، اس لیے کیس کو 24جولائی کو رکھ لیتے ہیں آگے دیکھا جائے گا.

بعد ازاں، عدالت نے کیس کی سماعت 24 جولائی تک کےلئے ملتوی کر دی ہے واضح رہے کہ 11 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے الیکشن ٹریبونل کو قومی اسمبلی کے تینوں حلقوںاین اے 46، این اے 47 اور این اے 48 کا باقاعدہ ٹرائل آگے بڑھانے سے روک دیا تھا.