مشیر وزیر اعلی پنجاب ذیشان عاشق ملک کا محرم الحرام کے جلوسوں کی

سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع جہلم کا دورہ

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر پیر 15 جولائی 2024 17:57

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی2024ء ) : مشیروزیراعلی پنجاب ذیشان عاشق ملک کا محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع جہلم کا دورہ، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان عاشق ملک نے ڈی پی او جہلم اور ڈپٹی کمشنر جہلم کے ہمراہ مرکزی جلوس 10 محرم الحرام کے روٹ کا وزٹ بھی کیا، مشیر وزیر اعلی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈی سی آفس میں امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا اور ڈی سی آفس میں قائم سپیشل کنٹرول روم کا بھی جائزہ لیا، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے مشیر وزیر اعلی کو مرکزی جلوس 10 محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات ، جلوس کے روٹ اور ٹربل پوائنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی، محرم الحرام کے بقیہ ایام میں جلوس و مجالس ہائے کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ڈی پی او جہلم۔

(جاری ہے)

ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں میں بھی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مجالس و جلوس کی سیکیورٹی اور تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی بریفنگ۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کے دوران جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب ذیشان عاشق ملک