وفاقی وزیر کی ہدایت پر اسلام آباد میں تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا آغاز،پھلدار اور پھولدار پودے لگانے کی ہدایت

منگل 23 جولائی 2024 22:49

وفاقی وزیر کی ہدایت پر اسلام آباد میں  تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے مارگلہ پہاڑیوں پر تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس شجرکاری مہم کے دوران 40 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

اس ضمن میں وزیرداخلہ نے مارگلہ ہلز شجرکاری کو کامیاب بنانے کیلئے چئیرمین سی ڈی اےمحمدعلی رندھاوا کو ٹاسک دے دیا ہے۔ وزیرداخلہ نے مارگلہ ہلز کی اصل خوبصورتی بحال کرنے اور پودوں کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز پر ہیٹ ویو کے باعث آتشزدگی کے واقعات سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مارگلہ ہلز پر لگائے گئے پودوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آرائشی درختوں کی بجائے پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے جس سے اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بنائیں گے۔ شجر کاری کا بنیادی مقصد مارگلہ ہلز کی جنگلی حیات کی حفاظت اور اس میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارگلہ ہلز شجرکاری مہم سے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ شجرکاری مہم 60 روز تک جاری رہے گی۔