محکمہ موسمیات نے (کل) سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی

ہفتہ 27 جولائی 2024 20:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2024ء) محکمہ موسمیات نے (کل) بروز اتوار سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی، محکمہ موسمیات نے 28 سے 31 جولائی تک راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ سمیت بالائی پنجاب کے دیگر علاقوں میں مون سون بارشوں، آندھی، طوفان اور کئی مقامات پر شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے، بارشوں کے دوران راولپنڈی اور مری میں برساتی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا، بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے، پہاڑی علاقوں بلخصوص مری، گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے، انتظامیہ نے سیاحوں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دوران محتاط رہنے اور موسم کی صورتحال کے مطابق سفر کا پروگرام ترتیب دیں۔