Live Updates

شہر قائد میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

بجلی نظام درہم برہم ،350سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی

منگل 19 اگست 2025 16:16

شہر قائد میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)شہر قائد میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، جس سے بجلی نظام درہم برہم ہوگیا350 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سعدی ٹائون میں 35.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا شروع ہونے والاسلسلہ منگل کی صبح تیز برسات میں بدل گیا، تاہم تھوڑی دیر کی بارش سے کراچی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ، بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، ٹاور، گرو مندر، صدر موبائل مارکیٹ اور اطراف میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

(جاری ہے)

جن علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ان میں طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ایئرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی شامل ہیں۔کراچی کے دیگر علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ اور اطراف، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹائون، تیسر ٹائون میں بھی موسلادھار بارش برسی، نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔

بارش کے نتیجے میں مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔سوک سینٹر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک پرشدید ٹریفک جام ہوگیا جبکہ سوک سینٹر سے سینٹرل جیل جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کا دبائو نظرآیا۔ناظم آباد سے لسبیلہ جانے والے روڈ پر پانی جمع سے ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی، گلشن اقبال، بنارس اور نگی ٹائون میں بھی پانی جمع ہوگیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں منگل کی علی الصبح ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اب تک سب سے زیادہ بارش سعدی ٹائون میں 35.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن معمار میں 33.3 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ ناظم آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق سرجانی ٹائون میں 12.4، پی ای ایف بیس مسرور میں 11، کورنگی میں 4.6، یونیورسٹی روڈ 4.4، گلشن حدید اور ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اورنگی ٹائون 1.5، شارع فیصل پر 1 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ نارتھ کراچی میں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سب سے کم بارش اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 0.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔بارش کے باعث بجلی نظام بھی درہم برہم ہوگیا350 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ذروائع کے مطابق منظور کالونی، ڈی ایچ اے، اختر کالونی، ایف بی ایریا بلاک 2 اور 6، سلطان آباد، مائی کلاچی روڈ کے اطراف، گلشن اقبال بلاک 4، عزیز آباد اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔

ترجمان کے ای نے بتایا ادارے کا بجلی تقسیمی نظام مستحکم ہے اور اس وقت کراچی کو 2100 میں سے 1770 سے زائد فیڈرز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے تاہم فیلڈ ٹیموں کی کوششوں سے متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔بحال کیے جانے والے علاقوں میں ڈیفنس پاسپورٹ آفس، سرور شہید روڈ، کلفٹن بلاک 8 اور 9، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، مین شاہراہِ قائدین، گلستان جوہر کے بلاک 3 اور 14، بلدیہ ٹان کے سیکٹر 4-A، سعید آباد، پاکستان نیوی ہائوسنگ اسکیم ماڑی پور، اورنگی کے قطر اسپتال، اقبال مارکیٹ، شاہ ولی اللہ نگر، اوتھل و سرجانی کے چیزال آباد، کریم دینو گڈو گوٹھ اور حب ڈیم کے علاقے شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حفاظتی پروٹوکول کے تحت نشیبی علاقے اور تجاوزات والے علاقوں میں بجلی عارضی طور پر منقطع کی جاتی ہے۔ ادارے کا عملہ مکمل طور پر متحرک ہے اور شہری انتظامیہ و ایمرجنسی مینجمنٹ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔صارفین بجلی کی ایمرجنسی شکایت کے لیے 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں، یا کے ای واٹس ایپ، سوشل میڈیا چینلز اور کے ای لائیو ایپ کے ذریعے فوری اطلاع دے سکتے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات