صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کے 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے

رائیونڈ ہسپتال میں ادویات کی کمی، عدم فراہمی پر صوبائی وزیر صحت کا سخت نوٹس، ایم ایس کی سرزنش

ہفتہ 3 اگست 2024 19:12

صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کے 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے کئے۔ خواجہ عمران نذیر رائیونڈ، کاہنہ، سمن آباد اور سوڈیوال ہسپتالوں میں جاکر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ رائیونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ایمرجنسی میں ادویات کی کمی پر صوبائی وزیر صحت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کی سرزنش کی اور ادویات کی کمی کے حوالہ سے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر ادویات کی کمی کے حوالہ سے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی موجودگی کے باوجود ادویات کا نہ ملنا ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کی سخت ہدایات ہیں کہ مریضوں کو ادویات نہ ملنے پر ہسپتال انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔صوبائی وزیر صحت رائیونڈ، کاہنہ، سمن آباد اور سوڈیوال ہسپتالوں میں پیڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی، سرجیکل، میڈیسن وارڈز میں گئے اور مریضوں، لواحقین سے ادویات کی دستیابی کے حوالہ سے خصوصی طور پر استفسار کیا۔

کاہنہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی ڈیوٹی روسٹرز چیک کیا اور ڈاکٹرز کی ڈیوٹیوں کو ریشنلائز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ خواجہ عمران نذیر سمن آباد ہسپتال کے پیراپلیجک سنٹر گئے جہاں ایک بچہ کا بازو کرنٹ لگنے سے ضائع ہوگیا انہیں نیا بازو لگا دیا گیا۔ کامیاب آپریشن پر بچہ کے والد کو مبارکباد دی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خواجہ عمران نذیر نے بچہ کو گلدستہ پیش کیا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پیراپلیجک سنٹر میں بچہ کے کامیاب آپریشن پر ڈاکٹرز کا کارنامہ لائق تحسین ہے۔صوبائی وزیر صحت نے دونوں ہسپتالوں کے بچہ، سرجیکل، ایکسرے، الٹراوسانڈز روم، گائنی، میڈیسن وارڈز کا بھی دورہ کیا۔فارمیسیز میں ادویات کا سٹاک، ریکارڈ اور ادویات فراہمی کے میکننزم کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زوہیب حسن، چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی اور ڈاکٹر شاہجہان بھی ہمراہ تھے۔