اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کے لیے گورنر ہائوس میں ڈیسک قائم کریں گے‘سردار سلیم حیدر

منگل 6 اگست 2024 22:00

اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کے لیے گورنر ہائوس میں ڈیسک قائم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے ملک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کے لیے گورنر ہائوس میں ڈیسک قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں یورپ کے مختلف ممالک اٹلی، فرانس اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احتشام انور اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کیپٹن (ر)ثاقب ظفر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اوورسیز پاکستانی کاروباری افراد نے گورنر پنجاب کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں اور مسائل سے آ گاہ کیا۔

ملاقات میں اوورسیز پاکستانی کاروباری حضرات کے تعاون سے پاکستانی جامعات کی یورپین یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہاکہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملک کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں بزنس کمیونٹی کا ملک میں تعلیم ، زراعت، آئی ٹی اور ٹورازم سیکٹرز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاپ کے مختلف اداروں میں اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کے لیے ڈیسک قائم کرنے کی تجویز وزیراعظم تک پہنچائیں گے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احتشام انور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے ملک میں سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد کم کرنے کے لیے اسکولز قائم کرنے کی ایک سکیم لے کر آ رہے ہیں۔

پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم کا وفد سپیشل اکنامک فیلیسیٹیشن کونسل کی دعوت پر پاکستان آیا ہے اور ان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آ غاز ہے، اکتوبر نومبرمیں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے باقائدہ ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز بزنس کمیونٹی پاکستان کی معیشت میں ترقی اور ملک کی بہتری میں ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ وفد میں حاجی محمد اسلم چودھری، یاسر خان، چودھری سلمان اسلم، شاہد اجمل، ڈاکٹر عمران، چودھری طاہر، سیٹھ محبوب سلطان، چودھری نعیم، محمود راہی، ثمر سلطان، اکرم جاوید، یاسر قدیر، ابراہیم ڈار، فاروق جٹ سمیت دیگر موجود تھے۔