اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 اگست 2024ء) پاکستانی سلیکٹرز کی جانب سے نامزدگی کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ کی 13 ماہ بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی ہو گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف رواں ماہ دو میچوں پر مشتمل ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان آج بدھ کے روز کیا گیا۔
پہلے ٹیسٹ میچ کی میزبانی راولپنڈی شہر 21 سے 25 اگست تک کرےگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے تین ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے کہا ہےکہ بنگلہ دیش کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 17 اگست کو پاکستان پہنچے گی اور یہ سیریز آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔بنگلہ دیش
میں سیاسی بے چینی کی وجہ سے پہلے ہی ٹیم کی روانگی میں کم از کم 48 گھنٹے کی تاخیر ہو چکی ہے۔(جاری ہے)
بنگلہ دیش اے نے دو چار روزہ میچوں کے لیے بدھ کو اسلام آباد پہنچنا تھا اور پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 27 اگست تک 50 اوور پر مشتمل تین وائٹ بال میچ بھی کھیلنا تھے۔
پی سی بی
کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''ہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور توقع ہے کہ پاکستان شاہینز کا بنگلہ دیش 'اے‘ کے خلاف سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔‘‘بنگلہ دیش
کے خلاف ٹیسٹ میں پاکستان کی کپتانی شان مسعود کریں گے جبکہ سیریز میں مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔سلیکٹرز نے فاسٹ بولر محمد علی کو بھی واپس بلا لیا ہے، جو آخری بار 2022 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے تھے، جب کہ بلے باز محمد ہریرہ اور غلام علی کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے صلے کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
اوپننگ بلے باز امام الحق، آل راؤنڈر فہیم اشرف، لیفٹ آرم اسپنرز محمد نواز اور نعمان علی اور رواں سال کے شروع میں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے آف اسپنر ساجد خان کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، جب کہ فاسٹ بولر محمد وسیم اور حسن علی کے نام انجری کے باعث اسکواڈ میں شمولیت کے لیے زیر غور نہیں آئے۔
اس طرح پاکستانی اسکواڈ شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل، عامر جمال (فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا،سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔
ش ر⁄ م م (اے پی)