تھانہ گوگیرہ کی حدود میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ مالیت کی ڈکیتی کی بڑی واردات، نامعلوم چھ مسلح ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات نقدی رقم لیب ٹاپ موبائل فون اور قیمتی ملبوسات و دیگر اشیاء چھین لیں

بدھ 7 اگست 2024 21:56

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2024ء) ڈکیتیوں کا نان سٹاپ سلسلہ جاری، اوکاڑہ تھانہ گوگیرہ کی حدود میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ مالیت کی ڈکیتی کی بڑی واردات میں نامعلوم چھ مسلح ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات نقدی رقم لیب ٹاپ موبائل فون اور قیمتی ملبوسات و دیگر اشیاء چھین لیا، مزاحمت پر ملک عبدالوحید کے سر پر پسٹل کی دستی مار کر زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر گوگیرہ شہر میں آر ایچ سی ہسپتال کے قریب رات دو بجے ملک عبدالوحید کے گھر چھ مسلح ڈاکو داخل ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ان کے بیٹے کو مار دینے کی دھمکی دے کر لاکر کا تالہ کھولنے کو کہا،مزاحمت پر پسٹل کی دستی مار کر عبدالوحید کا سر پھاڑ دیا۔متاثرہ خاندان کے مطابق ڈاکو بڑی دیدہ دلیری سے تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ لوٹ مار میں مصروف رہے ،دوران واردات ڈاکو موبائل فون پر اپنے دوسرے دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہے ۔

(جاری ہے)

واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ناصر جاوید چوہدری موقع پر پہنچ گئے اور ڈکیتی کی واردات کو ٹریس کرنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تا حال تھانہ گوگیرہ میں اس وقوعہ کا مقدمہ ابھی تک درج نہیں ہوا گنجان آباد علاقے میں اندرون شہر ڈکیتی کی اس بڑی واردات سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے ۔عدم تحفظ پر لوگوں نے آرپی او ساہیوال محبوب رشید سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔