سری لنکن کرکٹر پراوین جے وکراما کو آئی سی سی کرپشن الزامات کا سامنا

جمعرات 8 اگست 2024 19:40

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2024ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے بائیں ہاتھ کے سپنر پراوین جے وکراما پر بین الاقوامی میچوں اور لنکا پریمیئر لیگ میں انسداد بدعنوانی کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ انہیں اپنا جواب جمع کرانے کے لئے 14 روز کا وقت دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے جاری بیان کے مطابق پر 25 سالہ پراوین جے وکرما پر آرٹیکل 2.4.4 اور 2.4.7 کے تحت درج ذیل الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

جے وکرما کو اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب جمع کرانے کے لئے 14 روز کا وقت دیا گیا ہے۔ انسداد بدعنوانی کوڈ کے مطابق سری لنکا کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آئی سی سی بین الاقوامی میچوں سے متعلق الزامات کے ساتھ ساتھ ایل پی ایل چارج کے بارے میں بھی کارروائی کرے گی۔

(جاری ہے)

2021ء میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے پراوین جے وکرما اب تک پانچ ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے آخری مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف 2022ء میں ہوم سیریز میں حصہ لیا ۔ وہ لنکا پریمیئر لیگ 2022ء کی چیمپئن جافنا کنگز کا حصہ تھے جبکہ 2024ء میں وہ دمبولا سکسرز میں شامل ہوئے۔واضح رہے کہ الزامات کے مطابق وکرما کو 2021 ء لنکا پریمیئر لیگ میں فکسنگ کرنے کے لیے ایک بدعنوان شخص کی جانب سے کسی دوسرے کھلاڑی سے رجوع کرنے کو کہا گیا تھا۔