مشکلات کے شکار لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا زندگی کا حقیقی مقصد ہے،احسن بختاوری

جمعہ 9 اگست 2024 18:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2024ء) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت اور مشکلات کے شکار لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا زندگی کا حقیقی مقصد ہے،پاکستان اور بالخصوص فلسطین میں مشکلات کا شکار بھائیوں کی مدد کیلئے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ عبد الرزاق ساجد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے چیمبر ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔صدر آئی سی سی آئی نے ٹرسٹ کے فلاحی کاموں کی تعریف کی اور بزنس کمیونٹی کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاح انسانیت کے حوالے سے سرگرمیاں دیگر لوگوں کیلئے مثال ہیں، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں اداروں کے در میان تعاون کے متعدد امکانات کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ عبد الرزاق ساجد نے صدر چیمبر احسن ظفر بختاوری کو بتایا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان میں اڑھائی لاکھ غریب لوگوں کے سفید موتیے کے آپریشن کر کے ان کی بینائی بحال کر چکا ہے پاکستان اور آزاد کشمیر میں آنکھوں کے چار ہسپتال کام کر رہے ہیں ۔

اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،راشن کی مفت تقسیم، نادار بچوں کی مفت تعلیم، شجرکاری سمیت متعدد فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں تاکہ پاکستان میں نادار طبقے کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جلد اسلام آباد میں بھی آنکھوں کا ایک فری ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ میں بھی المصطفی کام کر رہی ہے اور خان یونس میں ایک فیلڈ ہسپتال چلایا جا رہا ہے ،غزہ میں تین لاکھ سے زائد متاثرین کو کھانا اور راشن فراہم کر چکے ہیں اور قبلہ اول میں الہاشمی ٹرسٹ کے تعاون سے قرآن کلاسزبھی چلارہے ہیں۔