سکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے‘ اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی‘وزیراعظم

ہفتہ 10 اگست 2024 18:34

سکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے‘ اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ، فلسطین کے اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں‘اسکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے‘ اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی‘پاکستان ہر محاذ پر اپنے فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والوں کے بلندیء درجات کی دعاء اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں‘اسکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہی؛ اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اسرائیل کی سفاکیت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے‘ہم ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہیں کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت اور سیکیورٹی فورسز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کو اس کی ظالمانہ کارروائیوں کی کڑی سزا دی جائے‘اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔پاکستان ہر محاذ پر اپنے فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔