پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں ، آصف علی زرداری کا اقلیتوں کے دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 10 اگست 2024 21:09

پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2024ء) صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے اور اس کی وکالت کرتا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے اقلیتوں کے دن ، 11 اگست 2024 ، کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں11 اگست کو اقلیتوں کا دن منایا جاتا ہے، اس دن ہم قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے کئے گئے11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں بھی مختص کی ہیں تاکہ ملکی سیاسی اور قومی ترقی کے عمل میں موثر کردار ادا کرنے کیلئے اقلیتوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

مزید برآں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کیلئے گرانٹس، اقلیتی برادریوں کے طلبا کو تعلیمی وظائف اور ان کی عبادت گاہوں کی مرمت، دیکھ بھال کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی اسکالرز، اقلیتی نمائندوں اور میڈیا پر زور دیتا ہوں کہ وہ لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی دیں اور پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا اور انھیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا۔

مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں انہیں ان کے خاص دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اقلیتوں کے مستقبل کے لیے میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں ۔