کروڑوں کے اثاثے، بیرون ملک سفر، مہنگی گاڑیاں لیکن ٹیکس انتہائی کم

سوشل میڈیا پر شاہانہ زندگی کی نمائش کرنے والے 20 سے زائد ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 اکتوبر 2025 14:00

کروڑوں کے اثاثے، بیرون ملک سفر، مہنگی گاڑیاں لیکن ٹیکس انتہائی کم
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے سوشل میڈیا پر شاہانہ زندگی کی نمائش کرنے والے 20 سے زائد ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر شاہانہ زندگی کی نمائش کے باعث 20 سے زائد ٹیکس چور ایف بی آر کے ریڈار پر آچکے ہیں، ان افراد نے سوشل میڈیا پر شاہانہ زندگی کی نمائش کی جس کے بعد وہ ایف بی آر کی نظر میں آئے، ان افراد کی انکم ٹیکس گوشواروں میں آمدن اور اثاثے نہ ہونے کے برابر ہیں، ایسے افراد کی انٹیلی جنس رپورٹس ریجنل ٹیکس دفاتر کو بھیج دی گئی ہیں، جن کی روشنی میں ان سے ٹیکس وصولی کے لیے تحقیقات اور کارروائی شروع کردی گئی۔

دی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے لائف سٹائل مانیٹرنگ سیل نے ایسے 20 سے زائد کیسز کی نشاندہی کی ہے جو کروڑوں روپے کے اثاثوں و گاڑیوں کے مالک ہیں، کثرت سے بیرون ملک سفر کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر پرتعیش طرز زندگی کی نمائش کر رہے ہیں لیکن اپنے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں میں نہ ہونے کے برابر آمدنی یا اثاثے ظاہر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ان 20 کیسز میں جنوبی پنجاب کی ایک ایسی شخصیت بھی شامل ہے، جس کی ملکیت میں 19 پرتعیش اور جدید ماڈل کی گاڑیاں ہیں جن کی مجموعی مالیت 62 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے لیکن اس شخص نے مالی سال 2020ء کے اپنے گوشواروں میں صرف ایک گاڑی ظاہر کی جس کی مالیت 10 لاکھ روپے بتائی، مالی سال 2021ء، 2022ء اور 2023 میں 30 لاکھ 75 ہزار کی ٹویوٹا یارس گاڑی ظاہر کی لیکن 2024ء کے گوشواروں میں گاڑی کی ملکیت کے خانے میں قابل اطلاق نہیں درج کردیا۔

اسی طرح معلوم ہوا ہے کہ ایک ڈیجیٹل مواد بنانے والا ٹریول ولاگر بھی ان 20 کیسز میں شامل ہے، جس نے کئی ممالک کے دورے کیے ہیں لیکن جب ایف بی آر نے اس کے ریٹرنز کی جانچ کی تو پتا چلا کہ اس نے صرف 4 لاکھ 90 ہزار 800 روپے آمدنی ظاہر کی، اس نے 3 لاکھ 90ہزار روپے اخراجات کی مد میں اور 10 لاکھ 90 ہزار روپے اثاثے ظاہر کیے تھے۔