شوبز کی دنیا کے معروف مزاحیہ اداکارجمشید انصاری کی 19ویں برسی آج منائی جائے گی

جمعہ 23 اگست 2024 23:02

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2024ء) شوبز کی دنیا کے معروف مزاحیہ اداکارجمشید انصاری کی 19ویں برسی 24اگست ہفتہ کو منائی جائے گی۔ جمشید انصاری 31 دسمبر 1942کو بھارت کے شہر سہارن پور میں پیداہوئے، وہ چھ برس کے تھے کہ ان کا خاندان بھارت سے ہجرت کرکے کراچی منتقل ہوگیا۔وہ گریجوایشن کرنے کے بعد برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے کچھ عرصہ برطانوی نشریاتی ادارے میں کام کیااورٹی وی پروڈکشن کے کورسزبھی کئے۔

1968ء میں وطن واپس آکرانہوں نے ٹی وی ڈراموں میں کام شروع کردیااور اپنے کیریئر کاآغازڈرامہ’’جھروکے‘‘ سے کیا۔انہوں نے کیریئرمیں دوسوکے قریب ٹی وی ڈراموں اورفلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے۔جمشید انصاری نے ٹیلی ویژن کے ڈراموں ’’انکل عرفی‘‘،’’تنہائیاں‘‘،’’زیر زبرپیش‘‘،’’منزلیں‘‘،’’افشاں‘‘، ’’ہمارے گھر میں‘‘اور دیگر میں بہترین اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لئے۔

(جاری ہے)

200 سے زائد ڈراموں میں کام کرنے والے اس نامور اداکار نے 40سال کا عرصہ اسٹیج، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے پروگراموں میں گزارا، انہوں نے ریڈیو کے مشہور پروگرام حامد میاں کے ہاں میں صفدر کا یاد گار کردار ادا کرکے زبردست شہرت حاصل کی جبکہ اسٹیج ڈرامے بکرا قسطوں میں بھی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مشہورڈراموں میں گھوڑاگھاس کھاتاہے،انکل عرفی،ان کہی، تنہائیاں، زیر زبر پیش، شوشہ،ہاف پلیٹ جبکہ فلموں میں سوغات،پاکیزہ اوراج دیاں کڑیاں شامل ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے بے شمار ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے نامور مزاحیہ اداکار جمشید انصاری 24اگست 2005کو 63برس کی عمر میں طویل علالت Cکے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے۔