ق*ین اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری

دوبارہ گنتی کے لیے نتائج مرتب ہونے سے پہلے آر او کو درخواست دینا لازم ہے، عدالتی فیصلہ

اتوار 25 اگست 2024 18:30

۴ااسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2024ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا جبکہ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ دوبارہ گنتی کے لیے نتائج مرتب ہونے سے پہلے آر او کو درخواست دینا لازم ہے۔سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، یہ فیصلہ جسٹس نعیم اختر افغان نے تحریر کیا۔

(جاری ہے)

فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ دوبارہ گنتی کے لیے نتائج مرتب ہونے سے پہلے ریٹرننگ افسر (آر او) کو درخواست دینا لازم ہے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نہیں دکھا سکے کہ انہوں نے بروقت ایسی کوئی درخواست دی، این اے 97 کا کیس 12 اگست کو 3 حلقوں پر سنائے گئے کیس سے مختلف ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کورٹ آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی میں دیا گیا فیصلہ بحال کر دیا تھا۔