چھ ستمبر ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی

جمعہ 6 ستمبر 2024 16:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی ،جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965کی جنگ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے جس میں ہماری افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جرات اور بہادری کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے قومی ہیروز کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے باعث آج ہم ایک آزاد قوم ہیں اور ہمیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت استاد قوم کی تعمیر اور دفاع میں ہمارا کلیدی کردار ہونا چاہیے۔ نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے ملک کے دفاع اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور ان کی تربیت اس نہج پر کریں کہ وہ نہ صرف قومی جذبے سے سرشار بلکہ اپنی تاریخ اور ثقافت سے بھی روشناس ہوں۔اس موقع پرڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر اسما عزیز نے اسلامی تناظر میں دفاع وطن پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ مسلمانوں نے آج تک کسی بھی ملک پر جنگی حملہ کرنے میں پہل نہیں کی،اسلام ایک امن پسند دین ہے اور یہ امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

تقریب میں ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ملی نغمے اور تقاریرپیش کی گئیں اور افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ڈاکومینٹری بھی چلائی گئی۔تقریب کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈپبلیکیشنزڈاکٹرعمارہ جاوید نے ادا کیے۔ یوم دفاع پاکستان کی تقریب میں کوارڈینیٹرز،انچارچز اور اساتذہ نے شرکت کی۔