گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا مدرسہ تعلیم القرآن کا دورہ، مہتمم مولانا اشرف علی سے ملاقات

پیر 9 ستمبر 2024 21:03

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر  کا مدرسہ تعلیم القرآن  کا دورہ،    مہتمم ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے لیے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے، ہم سب کو مل کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا، گورنر نے یہ بات مدرسہ تعلیم القرآن کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے مدرسہ کے مہتمم جانشین شیخ القرآن مولانا اشرف علی سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مدرسہ تعلیم القرآن کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہوں نے کہا کہ مدرسہ تعلیم القرآن قیام پاکستان سے قبل سے اشاعت اسلام اور دین کی سربلندی کے لیے مصروف عمل ہے، گورنر نے مولانا اشرف علی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کے لیے علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، تمام فرقوں کی موجودگی اور بیرونی دنیا کی سازشوں کے ہوتے ہوئے علماء کرام کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، پاکستان دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ، انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے مدرسہ تعلیم القرآن کی خدمات قابلِ ذکر ہیں، ہم سب نے مل کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست انتشار کی سیاست ہے، علی امین گنڈا پور کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں ، انہیں سمجھاؤں گا کہ بد امنی نہ پھیلائیں، انہوں نے کہا کہ سیاست مولا جٹ کے نعروں سے نہیں چل سکتی، وزیر اعلیٰ امین گنڈا پور غیر ذمہ دارانہ رویے سے اجتناب کریں، گورنر نے صحافیوں کے حوالے سے گنڈا پور کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ بیان قرار دیا۔