12 ربیع الاول کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ عمران اشرف مارتھ کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ بدھ 11 ستمبر 2024 17:44

شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر 2024ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور کی خصوصی ہدایت پرڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد جمیل سمیت ممبران ضلعی امن کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کی یقینی دہانی کروائی ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول ہم سب کے لیے عقیدت و احترام ، برکتوں اور خوشیوں کا مہینہ ہے ، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ عالم انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے ، اللہ ہمیں سیرت النبی ﷺ پر چلنے کی ہمت عطا فرمائے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے کہا کہ جشن میلادالنبی ﷺ کے لیے بہترین انتظامات کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی ، حضور رحمت اللعالمین ﷺ کا یوم ولادت سرکاری محکمہ جات ، علمائے کرام اور عوام کے لیے مشترکہ خوشیوں اور سعادتوں کا امین ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ حضور ﷺ کی مبارک زندگی ایک مکمل عملی نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل ہوتی ہے ، عیدمیلاد النبی ﷺ کے لیے سیکورٹی ، صفائی ستھرائی اور ٹریفک وغیرہ کے لیے نہایت اعلی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ ضلعی امن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔