Live Updates

کوٹ ادو پی ایف یو جے ورکرز کی تنظیم سازی کا پہلا مرحلہ مکمل،

ضلعی سطح پر عہدیداران کا اعلان

پیر 16 جون 2025 18:25

کوٹ ادو پی ایف یو جے ورکرز کی تنظیم سازی کا پہلا مرحلہ مکمل،
کوٹ ادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کی مرکزی صدر سعدیہ کمال نے کوٹ ادو پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں ضلع کوٹ ادو میں تنظیم سازی کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر صحافتی امور، موجودہ مسائل اور ان کے حل سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تنظیمی ڈھانچے کے تحت شیخ محمد عثمان کو صدر، آصف شہزاد سینئر نائب صدر، اعجاز وسیم باکھری نائب صدر، شفقت ملانہ جنرل سیکرٹری، کاشف ندیم سیکرٹری اطلاعات و نشریات، اور ممتاز قادری کو خزانچی مقرر کیا گیا۔ اس اعلان کے موقع پر ضلع بھر کے صحافیوں نے اپنے اپنے پریس کلبز اور شہروں کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلع کوٹ ادو کے تمام شہروں اور قصبوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو اس پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا اور باقاعدہ رکنیت سازی کی جائے گی۔

مقررین نے کہا کہ پی ایف یو جے ورکرز صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک طاقتور اور مؤثر آواز بن کر ابھرے گی جو اقتدار کے ایوانوں تک اپنی گونج پہنچائے گی۔ تقریب میں صدر پریس کلب چوہدری نعیم جاوید، سرپرستِ اعلیٰ رائے طاہر اعجاز، ادیب، شعرا اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان سمیت منظور سیال، مختیار بھٹہ، رانا منیب، ربنواز چانڈیہ، عدنان کشف، فاروق باکھری و دیگر نے شرکت کی۔

مرکزی صدر سعدیہ کمال نے کوٹ ادو کے مثالی استقبال پر میزبانوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس شہر کے مثبت رویے اور صحافی برادری کے جوش و خروش کو سراہا۔ نومنتخب عہدیداران نے پی ایف یو جے ورکرز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری، اتحاد اور پیشہ ورانہ جذبے سے نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام صحافتی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں تاکہ عامل صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اجتماعی طور پر مؤثر جدوجہد کی جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات