Live Updates

محمد عباس کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 700 وکٹیں مکمل

پیسر نے سنگ میل کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ میں حاصل کیا، کینٹ کے جیک لینینگ محمد عباس کے 700 ویں شکار بنے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 13 ستمبر 2024 11:54

محمد عباس کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 700 وکٹیں مکمل
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2024ء ) پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 700 وکٹیں مکمل کرلیں۔ محمد عباس نے 700 وکٹوں کا سنگ میل کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ میں حاصل کیا، کینٹ کے جیک لینینگ ہمپشائر کائونٹی کی نمائندگی کرنے والے محمد عباس کے 700 ویں شکار بنے۔ 34 سالہ فاسٹ بولر محمد عباس 700 فرسٹ کلاس وکٹیں لینے والے 14 ویں پاکستانی کرکٹر ہیں۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باولر ہونے کا اعزاز سابق کپتان عمران خان کے پاس ہے جنہوں نے 1287 وکٹیں حاصل کیں، وسیم اکرم 1042 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، سرفراز نواز 1005 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، وقار یونس 956 شکار کرکے چوتھے جب کہ یاسر عرفات 787 وکٹوں کے ہمراہ پانچویں نمبر پر ہیں ۔

(جاری ہے)

اپنی لائن و لینتھ باولنگ کے لیے مشہور دائیں بازو کے پیسر بین الاقوامی ٹیسٹ کے میدان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

انہوں نے 25 ٹیسٹ میچوں میں 23.02 کی اوسط سے 90 وکٹیں لے کر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ محمد عباس کے ریکارڈ میں مختلف ٹیموں کے خلاف قابل ذکر پرفارمنس شامل ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں میں 21 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کی کامیابی آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں میں 17 وکٹوں کے ساتھ جاری ہے جس میں 2018ء میں 10/95 کی شاندار باؤلنگ بھی شامل ہے۔ انگلینڈ کے خلاف انہوں نے پانچ ٹیسٹ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے پاکستان کے لیے آخری ٹیسٹ میچ 2021ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔ اس کے بعد سے کاؤنٹی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اہم پرفارمنس دینے کے باوجود انہیں ابھی تک قومی ٹیم میں واپسی کا راستہ نہیں ملا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات