جمہوریت نیادی حقوق کے تحفظ اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی شمولیت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے،صدر آصف علی زرداری کا عالمی یوم جمہوریت پر پیغام

ہفتہ 14 ستمبر 2024 21:59

جمہوریت  نیادی حقوق کے تحفظ اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی شمولیت کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم شہریوں کو بااختیار بنانے اور سیاسی عمل میں ان کی فعال شرکت کے فروغ میں جمہوریت کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے یوم جمہوریت منا رہے ہیں، جمہوریت ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہے، بنیادی حقوق کے تحفظ اور سیاسی، اقتصادی اور سماجی شمولیت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق نے عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سال کا عالمی عنوان بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں مصنوعی ذہانت کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت انتظام عامہ میں شفافیت، احتساب اور کارکردگی میں اضافہ لا سکتی ہے اور یہ جدید طرز حکمرانی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

مصنوعی ذہانت کے ذریعہ معلومات پر مبنی تجزیے فراہم کیے جا سکتے ہیں، جس سے جمہوری عمل زیادہ شفاف بن سکتا ہے اور ووٹرز امیدواروں اور ان کی پالیسیوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ جمہوریت عوام کی سیاسی عمل میں شرکت، سیاسی تنوع اور عوامی حقوق کے تحفظ کا نام ہے۔ شہریوں کے سیاسی، اقتصادی اور سماجی حقوق کا تحفظ ہی جمہوریت کو دیگر نظام ہائے حکومت سے ممتاز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سیاسی منظرنامے پر کئی چیلنجز ابھرے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسے رہنمائوں نے ملک میں جمہوری عمل کی بحالی اور استحکام کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، ان کا غیر متزلزل عزم اور قربانیاں جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے انکی مسلسل جدوجہد کی یاد دلاتی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم عوامی نمائندگی کے ذریعے جمہوریت کے تحفظ، پالیسیوں کی تشکیل اور ملک کے اہم ترین مسائل کے حل کے ذریعے جمہوریت کے تحفظ میں پارلیمان کے کردار کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مسائل کے حل، شمولیت اور پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے بنیادی ادارہ ہے۔آج کے دن، ہم جمہوریت کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ جمہوری اصولوں کے تحت ہی ہم مساوات، سماجی اور اقتصادی انصاف، قانون کی حکمرانی اور آزادی اظہار حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجوں کے پیش نظر، جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا، اصلاحات اپنانا اور جمہوریت کے استحکام کیلئے مل کر کام کرنا ناگزیر ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری قوم کے مسائل کا حل ایک متحرک اور جامع جمہوری عمل میں مضمر ہے۔آئیے ہم اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہم جمہوری اقدار کی پاسداری کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے۔