’قوم کیلئے خوشخبری ہے‘

آئینی ترامیم پیش کیے جانے سے قبل مولانا فضل الرحمان کا پارلیمنٹ پہنچ کر بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 ستمبر 2024 22:06

’قوم کیلئے خوشخبری ہے‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2024ء ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ قوم کے لیے خوشخبری ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئینی ترامیم پیش کیے جانے سے قبل مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے جہاں صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ ’مولانا صاحب! حکومت کے لیے خوشخبری ہے یا اپوزیشن کو؟‘، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’قوم کے لیے خوشخبری ہے‘، جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا تحریک انصاف کو آپ منا لیں گے؟‘، اس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان مُسکرا دیئے، اس موقع پر ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے ایوان تک جانے دیں جو کہنا ہے وہاں پر کہوں گا‘۔

علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے رہنماء سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہمارے ساتھ ابھی ترامیم کا ڈرافٹ ہی شئیر ہی نہیں کیا گیا جب تک پڑھیں گے نہیں تو ووٹ کیسے دیں؟ ڈرافٹ دیکھیں گے پھر ہی کچھ کہہ سکیں گے لیکن ہم سے ابھی تک آئینی ترامیم کا ڈرافٹ ہی شیئر نہیں کیا گیا، ڈرافٹ دیکھے بغیر کیسے سپورٹ کر سکتے ہیں؟ حکومت سے کہا ہے ترمیمی بل پیش کرنے میں جلدی نہ کریں، ہم اس پوزیشن میں نہیں، ہم ایوان میں جا کر اپنا مؤقف رکھیں گے کہ اتنی جلدی کریں گے تو ہم ساتھ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، حکومتی وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شامل تھے، سربراہ جے یو آئی ف کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں مولانا فضل الرحمان اور حکومتی وفد کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے اور حکومت و مولانا فضل الرحمان کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔