وزیراعلی مریم نوازنے مین ہول میں کمسن بچی کے گر کر جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا

بدھ 18 ستمبر 2024 16:52

وزیراعلی مریم نوازنے مین ہول میں کمسن بچی کے گر کر جاں بحق ہونے کا نوٹس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نجی ہا ئوسنگ سوسائٹی کے مین ہول میں کمسن بچی کے گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا اورواقعہ کی تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلی پنجاب نے حکم دیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی قسم کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت پائی گئی تو مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کو سیل کردیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سوسائٹیوں میں کھلے مین ہولز کا معائنہ ہوگا، اس سلسلے میں وزیر اعلی پنجاب نے سرکاری حکام اور اداروں کو تین دن کی ڈیڈ لائن بھی دیدی ہے۔انہوں نے تمام نجی سوسائٹیوں کے علاوہ حکومت کے زیر انتظام آنے والے علاقوں میں بھی گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں سخت سزا دینے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عوام اور بچوں کی جان سے کھیلنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔واضح رہے کہ رائیونڈ روڈ پر نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں کمسن بچی پارک میں کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئی تھی۔حادثہ مین ہول کا ڈھکن موجود نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔