مصر کے سفیر کی وزیر دفاع سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات خوشگواراور باہمی اعتماد پرمبنی ہیں، خواجہ آصف کی گفتگو

جمعرات 19 ستمبر 2024 21:27

مصر کے سفیر کی وزیر دفاع سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2024ء) مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن نے اسلام آباد میں وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوابازی خواجہ محمدآصف سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات خوشگواراور باہمی اعتماد پرمبنی ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ مصر خطے کا ایک اہم ملک ہے اور اس کا استحکام اور ترقی مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور فلسطین میں اپنے بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مصر اور پاکستان کے درمیان دفاعی پیداوار سمیت تمام شعبوں میں بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ معزز مہمان نے نیک تمنائوں کے لیے معزز وزیر کا شکریہ ادا کیا اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام معاملات میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم سے آگاہ کیا۔