لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی

غفلت کے مرتکب آفیشلز کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی‘ترجمان ریلوے

بدھ 25 ستمبر 2024 19:45

لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2024ء) لاہور سے اسلام آباد جانے والی اسلام آباد ایکسپریس ڈومیلی جنکشن پر بڑے حادثہ کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی۔لاہور سے جانے والی ٹرین اسلام آباد ایکسپریس کے ٹرسٹ بار ہینگر اور بریک بلاک گر جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آنے لگا تھا تاہم گوجر خان کے قریب ڈومیلی جنکشن پر حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئی۔

(جاری ہے)

ریلوے ڈویژنل مکینیکل انجینئر کی غفلت اور لاپرواہی سے 1200مسافر بڑے حادثہ کا شکار ہونے لگے تھے۔ اسلام آباد ایکسپریس ایک گھنٹہ سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔مسافروں کے مطابق ٹرینوں کی اکانومی کلاس میں لائٹس اور پنکھے بھی غائب ہوتے ہیں، اگر ریلوے حکام نے ٹرینوں کے نظام کو بہتر نہ کیا تو ٹرینیں حادثات کا شکار ہوتی رہیں گی۔ریلوے انتظامیہ نے بریک بلاک گرنے کی میڈیا رپورٹ پر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کو جواب طلبی کے لئے بلا لیا ۔ترجمان ریلوے نے کہا کہ غفلت کے مرتکب آفیشلز کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔