Live Updates

عمران خان کے بیٹوں نے اگر ویزہ اپلائی کیا ہے توٹریکنگ نمبر دیں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی

قاسم اور سلیمان نائیکوپ کیلئے اپلائی کریں گے تو قواعدوضوابط کے مطابق عملدرآمد ہوگا، عمران خان نے سب کچھ کیا لیکن نتیجہ کیا ہوا؟تو بچے آکر کیا کر لیں گے؟ سینیٹر طلال چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 اگست 2025 23:21

عمران خان کے بیٹوں نے اگر ویزہ اپلائی کیا ہے توٹریکنگ نمبر دیں کوئی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 02 اگست 2025ء ) وزیرمملکت سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹوں نے اگر ویزہ اپلائی کیا ہے توٹریکنگ نمبر دیں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، قاسم اور سلیمان نائیکوپ کیلئے اپلائی کریں گے تو قواعدوضوابط کے مطابق عملدرآمدہوگا۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا پہلے دن سے مئوقف رہا ہے کہ سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے، اور مسائل کا حل مذاکرات سے ہونا چاہئے۔

جب مذاکرات شروع ہوئے تو مذکرات سے پی ٹی آئی خود اٹھ کر چلی گئی تھی۔ اسمبلی کا فورم موجود ہے اور اسمبلی میں ہر جماعت بیٹھی ہے۔ ان کو چاہئے ڈائیلاگ کیلئے اسپیکر کے آفس چلے جائیں۔آپ اس نظام کو ہائبرڈ کہہ لیں یا کوئی بھی نام دیں، لیکن کیا یہ بری بات ہے کہ پاکستان کے قومی مفادات کے معاملات میں وہ انڈیا سے جنگ ہو، دہشتگردی ہو، فیٹف کی پابندیاں ہوں، اس کیلئے اگر سب ادارے ایک پیج پر ہوں تو کیا یہ بری بات ہے؟اس وقت کہا جاتا تھا کہ ٹینکوں میں تیل نہیں ہے، آج فیلڈ مارشل یا وزیراعظم نے ایسا کوئی بیان دیا؟ آج عمران خان کے دور سے انڈیا سے بہت بڑی جنگ ہوئی ہے، معیشت سنبھل گئی، عالمی دنیا سے پاکستان کے تعلقات بہتر ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی اس ساری چیزوں میں تمام اداروں کا حصہ ہے۔ طلال چودھری نے کہا کہ حیرانگی ہوتی ہے کہ ہر چیز کو توڑ مروڑ کرکیوں پیش کرتے ہیں؟ علیمہ خان نے کہا کہ بچوں کے پاس نائیکوپ ہیں، اب کہا گیا کہ نائیکوپ گم ہوگئے ہیں، اور ان کو ویزہ لینا پڑے گا، بتایا جائے کہ کیا انہوں نے پاکستان کی شہریت چھوڑ دی تھی؟عمران خان کے بیٹے ویزہ یا نائیکوپ کیلئے اپلائی کریں گے تو قواعدوضوابط کے مطابق عملدرآمد ہوگا۔

حکومت کا اس پر کوئی فوکس نہیں اور نہ ہی حکومت کسی سے خوفزدہ ہے۔پی ٹی آئی نے حکومتیں توڑ دیں،لانگ مارچ کرلیا، استعفے دے دیئے، پھوپھیاں نکل آئیں، 9مئی کرکے دیکھ لیا، بیگم نکل آئی، وزیراعلیٰ کے پی سرکاری وسائل سے حملہ آور ہوئے، سب کا نتیجہ کیا ہوا؟تو بچے آکر کیا کر لیں گے؟ اگر ویزہ اپلائی کیا ہے تو ویزے کا ٹریکنگ نمبر مجھے یا متعلقہ ادارے کو بھیج دیں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، لیکن اس بات کا ایشو کیوں بنایا جارہا ؟ ان کی کل بھی والد سے بات ہوئی یہ ان کا حق ہے۔

اگر والد کی فکر اتنی زیادہ تھی تو ان کو پہلے آنا چاہیئے تھا ۔ یہ سب کچھ ایک اثاثے کو بچانے کیلئے کیا جارہا ہے، وہ اثاثہ جوپاکستان کیلئے خطر ہ ہے۔ عمران خان اور بیٹوں کے بیانات میں تضادات ہیں، عمران خان کہتا امریکا کی غلامی سے آزادی دلواؤں گا، لیکن بیٹے کہتے کہ امریکا کے ذریعے والد کو آزاد کروائیں گے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات