پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں مزید تیزی آگئی

کمپنیوں کے نمائندے پیر سے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کریں گے، پی آئی اے حکام کو کمپنیوں کے نمائندے کے دورے کا شیڈول موصول

ہفتہ 2 اگست 2025 21:05

پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں مزید تیزی آگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای)کی نجکاری کے عمل میں مزید تیزی آگئی۔تفصیلات کے مطابق کمپنیوں کے نمائندے پیر سے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کریں گے، پی آئی اے حکام کو کمپنیوں کے نمائندے کے دورے کا شیڈول موصول ہوگیا۔پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی اور اصفہانی ہینگر میں طیاروں کا دورہ کروایا جائے گا، ایئر بیو اور عارف حبیب کنسورشیم کو طیاروں کا دورہ کروایا جائے گا۔

کمپنیوں کے نمائندوں کو فوجی فرٹیلائزرز، لکی گروپ کنسورشیم کو بھی دورہ کروایا جائے گا، ایئرسروس ایگریمنٹ، روٹس آمدنی اور ملازمین سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔واضح رہے کہ چند ہفتوں قبل نجکاری کمیشن بورڈ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای)کے لیے 4 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کر لیا تھا جبکہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے روزویلٹ ہوٹل کے لین دین کے ڈھانچے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ حکومت کے نجکاری کے ایجنڈے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے آج نجکاری کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی ای او پی) کی جانب سے دو اہم فیصلے لیے گئے، جو اہم اسٹریٹجک لین دین میں مسلسل پیشرفت کی نشاندہی کرتے ہیں۔نجکاری کمیشن (پی سی)بورڈ نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی صدارت میں منعقدہ اپنے 237 ویں اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے لیے چار دلچسپی رکھنے والی پارٹیز کی پری کوالیفیکیشن کی منظوری دی تھی۔