ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کےلیے صوبائی ٹاسک فورس کی کنوئیرمقرر

جمعرات 26 ستمبر 2024 16:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کے نفاذ اور پیشرفت کی نگرانی کے لئے صوبائی ٹاسک فورس کا کنوینر مقرر کردیا گیا۔اس ٹاسک فورس میں صوبائی وزراء ، لیڈر آف دی اپوزیشن ، پارلیمانی سیکرٹریز سمیت ٹریژری بینچ اور اپوزیشن کے 17 اراکین صوبائی اسمبلی شامل ہوں گے۔

سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے عالمی ترقیاتی اہداف اور کمیٹمنٹ کے لئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی تشکیل دئیے گئے ایس ڈی جیز پر عمل درآمد اور پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلٰی کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی سربراہی میں صوبائی اسمبلی کی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے ۔

(جاری ہے)

اس ٹاسک فورس میں صوبائی وزراء نور محمد دمڑ، میر ظہور احمد بلیدی ، میر محمد صادق عمرانی، سلیم احمد کھوسہ ، بخت محمد کاکڑ، سردار زادہ فیصل خان جمالی، راحیلہ حمید خان درانی ، پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد خان لہڑی، نوابزادہ زرین خان مگسی، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، غلام دستگیر بادینی ، محمد نواز ، رحمت صالح بلوچ، پرنس آغا عمر احمد زئی ، روی کمار اور شاہدہ روف شامل ہوں گے، ایس ڈی جیز سے متعلق بلوچستان اسمبلی کی اس پراونشل ٹاسک فورس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے عالمی کمٹمنٹ کے مطابق ایس ڈی جیز پر عمل درآمد اور پیش رفت کا جائزہ لیکر طے شدہ ٹائم فریم میں اقدامات اٹھائے جاسکیں۔