عمان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کی خوشخبری

خلیجی سلطنت میں پاکستانی افرادی قوت بڑھانے کے معاہدے پر تیزی لانے پر اتفاق

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 اکتوبر 2024 11:38

عمان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کی خوشخبری
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر 2024ء ) پاکستان اور عمان نے لیبر و افرادی قوت کے تبادلے سے متعلق مفاہمت نامے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا جس سے پاکستانی افرادی قوت میں اضافہ اور پاکستان سے عمان کیلئے افرادی قوت کی آسانی سے نقل و حرکت میں مدد ملے گی، اس کا فیصلہ سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین اور سلطنت عمان کے وزیرستان محنت ڈاکٹر مہاد بن بی بن علی باوین کے درمیان مسقط میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری سالک حسین نے عمانی ہم منصب کو حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی کارکنوں کی امیگریشن کے عمل کو بہتر بنانے، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور پاکستانی افرادی قوت کی بیرون ملک مارکیٹنگ کے لیے کی جانے والی اہم اصلاحات سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز پاکستان میں فنی تربیت کے مراکز کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کر رہی ہے جس سے افرادی قوت کو ہر فرد ملک یا خطے کی سرٹیفیکیشن کی ضرورت کے مطابق تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے عمان جی سی سی میں پاکستانی افرادی قوت کا تیسرا سب سے بڑا آجر ہے اور عمان میں تقریباً 3لاکھ 60,ہزار پاکستانی کام کر رہے ہیں، پاکستان کو عمان سے ہر سال 1 بلین ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات موصول ہوتی ہیں، ڈاکٹر مہاد بن سعید بن علی باوین نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں اور پاکستانی عمان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی بہت ہنر مند کارکن ہیں اور مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں، عمان میں کارکنوں کی نقل مکانی کے عمل کو ہموار کیا جائے گا ، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ کو دور کی جائے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ چوہدری سالک حسین نے اپنے ہم منصب کو تکنیکی تربیت کی سہولیات اور مستقبل میں تربیت میں ممکنہ مشترکہ تعاون دیکھنے کی دعوت دی، انہوں نے عمان حکومت کو حکومت کے زیر ملکیت اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذریعے پاکستان سے تربیت یافتہ انسانی وسائل بھیجنے کی پیشکش بھی کی جو کہ مختلف شعبوں میں پانچ لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا ڈیٹا بیس رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے عمان کی جانب سے پاکستان میں ہنر مندی کے فروغ کے مراکز میں سرمایہ کاری کے امکان کی تجویز بھی پیش کی، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری مصروفیات کو بڑھانے پر اتفاق کیا، چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز بیرون ملک جانے والے تمام ورکرز کے لیے ایک لازمی پری ڈیپارچر اورینٹیشن پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے جس میں انہیں میزبان ملک کے لیبر قوانین، ورکرز کے حقوق و فرائض، میزبان کی ثقافتی حساسیت کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔