ہونہار سکالرشپ پروگرام ،سالانہ 30 ہزار طلبہ مستفید ہو سکیں گے ،رانا سکندر حیات

جمعرات 3 اکتوبر 2024 14:59

ہونہار سکالرشپ پروگرام  ،سالانہ 30 ہزار طلبہ مستفید ہو سکیں گے ،رانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام حکومت کی جانب سے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے،وظائف کیلئے 130 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،سالانہ 30 ہزار سکالرشپس دی جائیں گی، نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی مواقع مہیا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہونہار سکالرشپ پروگرام کے مختلف امور کا جائزہ لینے کیلئے نجی یونیورسٹیوں کے سربراہان کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں طلبہ کو سکالرشپس دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال اور محدود وسائل کے حامل طلبہ کو سکالرشپس دینے کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔ وزیر تعلیم کی تمام متعلقہ یونیورسٹیوں کو ہونہار سکالرشپ سکیم بارے آگاہی سیمینار کے انعقاد اور پروگرام میں میرٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام لیپ ٹاپ سکیم سے بھی بڑا اقدام ہے،ہونہار سکالرشپ پروگرام میں 50 پبلک، 7 نجی اور 5 فیڈرل یونیورسٹیاں جبکہ 331 پبلک کالجز اور 14 پبلک سیکٹر میڈیکل کالجز بھی سکالرشپ پروگرام میں شامل ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سکیم میں اب تک 43000 طلبہ لاگ ان بنا چکے، 1100 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور1 لاکھ 78 ہزار سے زائد طلبہ پورٹل سے سکالرشپ پروگرام بارے معلومات حاصل کر چکے ہیں، سکالرشپ پروگرام میں اقلیتی طلبہ کیلئے بھی کوٹہ مختص کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سکالرشپ سکیم میں پہلی مرتبہ نجی سیکٹر کو شامل کیا گیا ہے،بتدریج مزید یونیورسٹیوں کو بھی شامل کریں گے،جن اضلاع میں پبلک یونیورسٹیاں نہیں، وہاں نجی یونیورسٹیوں سے استفادہ کریں گے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف سکالرشپ پروگرام میں ذاتی دلچسپی لے رہی ہیں اور پروگرام بارے روزانہ کی بنیاد پر معلومات لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکالرشپ 67 مختلف پروگرامات میں آفر کی جا رہی ہے،وظائف کیلئے 130 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،سالانہ 3 لاکھ روپے سے کم خاندانی آمدن والے طلبہ سکالرشپس پروگرام کے اہل ہوں گے۔