ملتان ٹیسٹ: پاکستان کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی ، بابر اعظم ایک بار پھر ناکام

قومی ٹیم کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 208 رنز درکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 اکتوبر 2024 15:39

ملتان ٹیسٹ: پاکستان کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی ، بابر اعظم ایک بار ..
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اکتوبر 2024ء ) ملتان ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 208 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف 7 وکٹوں کے نقصان پر 823 رنز بناکر ڈکلئیر کردی، انگلش ٹیم کو گرین شرٹس پر 267 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلیںڈ نے 492 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا، کھیل کے دوسرے سیشن میں پاکستان کو جو روٹ کی وکٹ ملی جن کا کیچ بابراعظم نے 186 کے انفرادی اسکور پر ڈراپ کیا تھا۔ دونوں انگلش بیٹرز نے پاکستان کیخلاف چوتھی وکٹ کی شرکت میں 454 رنز کی ریکارڈ پارنٹرشپ قائم کی، جوروٹ 262 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انکی اننگز میں 14 چوکے شامل تھے، ہیری بروک 317 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 29 چوکے اور 3 چھکے لگائے، جیمی اسمتھ 31 جبکہ گس ایٹکنسن 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

کرس ووکس 6 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ آغا سلمان، عامر جمال اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسری اننگز میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق کی صورت میں پاکستان کو صفر پر پہلا دھچکا لگا بعدازاں کپتان شان مسعود 11، بابراعظم 5 اور صائم ایوب 25 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے 2 جبکہ کرس ووکس اور بریڈن کارس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز اسکور کیے تھے۔ واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اس کی ہی سرزمین پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔