Live Updates

بھارتی کپتان نے گھٹیا پن کی حد کردی ، ایشیا کپ جیتنے پر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے سوریا کمار یادیو کا یہ پیغام ایشین کرکٹ کونسل کو پہنچا دیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 ستمبر 2025 13:20

بھارتی کپتان نے گھٹیا پن کی حد کردی ، ایشیا کپ جیتنے پر محسن نقوی سے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2025ء ) بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو گھٹیا پن میں حد سے تجاوز کرنے لگے۔ 
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے واضح کیا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایشیا کپ جیتنے کی صورت میں ٹرافی محسن نقوی کے ہاتھ سے وصول کریں۔
بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے سوریا کمار یادیو کا یہ پیغام ایشین کرکٹ کونسل کو پہنچادیا گیا ہے۔

 
واضح رہے کہ محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کے ساتھ ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے موجودہ چیئرمین بھی ہیں۔ 
یاد رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد روایتی مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ 
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قوانین میں کہیں بھی ہاتھ ملانے کی شرط درج نہیں، یہ صرف نیک نیتی کا ایک عمل ہے، جس پر کسی ٹیم کو مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

 
ایک سینئر بھارتی عہدیدار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’قوانین کے مطابق کھلاڑی صرف میچ ختم ہونے پر مخالف ٹیم کو مبارکباد دینے کے پابند ہیں، لیکن اس کا مطلب لازمی طور پر ہاتھ ملانا نہیں ہے۔‘ 
دوسری جانب پی سی بی نے آئی سی سی کو میچ ریفری کی تبدیلی سے متعلق ایک اور خط لکھ دیا ہے۔ پی سی بی نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا اپنا اصولی مطالبہ پھر دہرا دیا ہے جس کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج طے شدہ میچ کے انعقاد پر شکوک و شبہات برقرار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی اینڈی پائیکرافٹ کو نہ ہٹائے جانے پر ایشیا کپ کے باقی میچز کا بائیکاٹ کرنے کے موقف پر قائم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے متنازع ریفری کیخلاف آئی سی سی انکوائری کو بھی رسمی کارروائی قرار دیا گیا ہے، انکوائری کے لیے تمام پہلوؤں کا نہ جائزہ لیا گیا اور نہ متعلقہ لوگوں سے رابطہ کیا گیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات