عظمی بخاری کی درخواست پرسوشل ایپ ایکس کی قانونی حیثیت پر دلائل طلب

جمعہ 11 اکتوبر 2024 11:54

عظمی بخاری کی درخواست پرسوشل ایپ ایکس کی قانونی حیثیت پر دلائل طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے ٹویٹر پر جعلی نازیبا وڈیوز اپ لوڈ کرنے کے خلاف وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی دائر درخواست پر ایف آئی اے کی پیش رفت رپورٹ داخل کرانے کے بعد آئندہ سماعت پرسوشل ایپ ایکس کی قانونی حیثیت پر دلائل طلب کرلئے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب کی درخواست پر جمعہ کو سماعت کی۔

درخواست گزار صوبائی وزیر عظمی بخاری اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئیں جبکہ عدالتی حکم پر ایف آئی اے حکام بھی پیش ہوئے اور پیش رفت رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے اسلام آباد میں چھاپے مارے، چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے، چاروں ملزمان کی جائیدادوں کو منجمد کرنے کی کاروائی کا آغاز ہوچکا ہے، ان کے ریڈ ورانٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ عتیق نامی ملزم پر فلک جاوید کو چھپانے کا الزام آتا ہے،ملزم عتیق کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے گئے، فلک جاوید کے خاوند شکیل کا کاروبار نجی موبائل فرنچائز پر چلتا ہے،فلک جاوید کے خلاف پی ٹی اے کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔عدالت نے مزید سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایکس (سابقہ ٹویٹر) کی قانونی حیثیت پر دلائل طلب کرلئے۔